کیلنڈر ایئر 2021 میں ٹی ٹونٹی رنز کے انبار لگانے والے محمد رضوان اور دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کی پی ایس ایل7 میں بالادستی قائم ہے.
ملتان سلطانز نے اپنے دوسرے گروپ میچ میں لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی ہے. فاتح ٹیم نے 207 رنز کا ہدف 2 گیندیں قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا.
کپتان محمد رضوان اور شان مسعود کی 150 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ نے جیت میں اہم کردار ادا کیا. شان مسعود نے 50 گیندوں پر 83 رنز بنائے. ان کی اننگز میں 14 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا. محمد رضوان نے 42 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 69 رنز کی اننگز کھیلی. یہ ایونٹ میں ان کی مسلسل دوسری نصف سنچری ہے.
رہی سہی کسر خوشدل شاہ نے اس وقت نکالی جب ملتان سلطانز کو جیت کے لیے آخری اوور میں 16 رنز درکار تھے. انہوں نے حارث رؤف کے اوور کی پہلی چار گیندوں پر تین چوکے اور ایک چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح دلادی.
شاہین شاہ آفریدی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا.
اس سے قبل ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو فخر زمان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز نے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے.
فخر زمان نے 35 گیندوں پر 217 کے اسٹرائیک ریٹ سے 76 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی. ان کی اننگز میں 11 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے. انہوں نے عبداللہ شفیق اور کامران غلام کے ہمراہ بالترتیب 89 اور 28 رنز کی شراکت قائم کی.
عبداللہ شفیق 24 اور کامران غلام 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے. ڈیوڈ ویزے اور راشد خان دو دو چھکوں کی مدد سے بالترتیب 13 اور 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے.
ملتان سلطانز کے خوشدل شاہ، احسان اللہ، شاہنواز دھانی، عمران طاہر، ڈیوڈ ویزے اور ڈیوڈ ویلے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی.
from SAMAA https://ift.tt/yZxwUzTM5
No comments:
Post a Comment