وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو کہتے ہیں کہ ریکوڈک منصوبے کی وجہ سے پہلے بھی بلوچستان میں گورنر راج لگا تھا، میری حکومت میں بھی ریکوڈک کی وجہ سے دو بار گورنر راج لگنے کا خطرہ پیدا ہوا۔
کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے سینئر صحافیوں اور ایڈیٹرز سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ ریکوڈک منصوبے کا معاہدہ چھپ کر نہیں کیا، معاہدے پر دستخط سے پہلے صوبائی اسمبلی سمیت سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بیرک گولڈ کمپنی ریکوڈک میں علاقے کی ترقی کیلئے 40 ارب کا پیکیج دے گی، میگا منصوبے پر ملک کی سب سے بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری ہورہی ہے، جس سے بلوچستان میں ہزاروں افراد کو روزگار ملے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ریکوڈک کی وجہ سے پہلے بھی بلوچستان میں گورنرراج لگا تھا، اس منصوبے کی وجہ سے میری حکومت میں بھی دوبار گورنر راج لگنے کا خطرہ پیدا ہوا، اللہ پاک نے ہماری مدد کی جس کی وجہ سے کامیابی کے ساتھ ریکوڈک کا معاہدہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ معاہدہ بلوچستان کے عوام مفادات کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے، بلوچستان دنیا کا واحد صوبہ ہے جسے سب سے زیادہ کسی منصوبے کا شیئر ملا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میرے خلاف تحریک عدم اعتماد کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے، ارکان اسمبلی صرف باتیں نہیں کریں بلکہ عملی طور پر میرے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائیں۔
عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ بی اے پی نے مرکز میں عدم اعتماد کے حوالے فیصلے کا اختیار نوابزادہ خالد مگسی کو دیا ہے، وہ جو بھی فیصلہ کریں گے مجھے قبول ہوگا۔
انہوں نے کہا بلوچستان غیرقانونی ٹرالنگ مافیا کی آماجگاہ بن گیا تھا، جس کی وجہ سے سمندری حیات خطرے میں پڑگئی تھی، وزیراعلیٰ سندھ سے بلوچستان میں غیرقانونی ٹرالنگ پر بات ہوئی ہے، اُمید ہے ٹرالنگ مافیا پر قابو پالیں گے۔
from SAMAA https://ift.tt/WCt51ij
No comments:
Post a Comment