مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی غنڈہ گردیوں پر اگلی تقرریوں کا فیصلہ نہیں ہوگا، جتنا مرضی تاخیر کرلو وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز حلف اٹھا کر رہے گا، 22 سال ورلڈ کپ لے کر پھرتا رہا اب 22 سال خط لے کر پھرتا رہے گا۔ حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ پاکستان کے بچے کہتے ہیں کہ تمہارے غلام نہیں، تمہاری سیاست کو باہر پھینک دیں گے۔
لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جلدی جلدی الیکشن کرانے کے منصوبے سے عمران خان تقرریوں میں مداخلت کرنا چاہتے ہیں تاکہ آئندہ الیکشن جیت سکے، اگلی تقرریوں کا فیصلہ میرٹ پر ہوگا، تمہاری غنڈی گردیوں پر نہیں۔
مریم نواز نے اپنی تقریر کے دوران مزید کہا کہ عمران خان جیسے ناکام آدمی کے خلاف سازش کرنے کی کسی کو ضرورت نہیں، خط چھوڑیں اور کارکردگی دکھائیں، کام دکھائیں کیا کِیا ہے، 22 سال ورلڈ کپ لے کر پھرتا رہا اگلے 22 سال خط لے کر پھرتا رہے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ اس لئے رو رہا ہے کہ اداروں نے آئین کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا، اس میں اتنی مرچیں عمران خان کو اس لئے لگ رہی ہیں کہ اسے اب نقل کرکے پاس ہونے کی عادت پڑگئی ہے، کوئی چیٹنگ کرانے کو تیار نہیں تو اس کے رونے کی آوازیں دور سے آرہی ہیں، تمھارا سارا میچ فکسڈ تھا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے یہ بھی کہا کہ آنے والے دنوں میں یہ شخص سازشی خط دکھا کر پیسے مانگا کرے گا، الیکشن ہوں گے، ضرور ہوں گے، الیکشن سے وہ ڈرے جس نے 16 میں سے 15 ضمنی انتخابات ہارے، نواز شریف نے تمہاری حکومت ختم کی، سیاست بھی دفن کردے گا۔
نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کا کنونشن سے خطاب میں کہنا تھا کہ نیازی صاحب آپ کو بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا، الزام لگایا کہ فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان نے اپنے ٹی بوائے کے نام پر پیسے منگوائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بچے کہتے ہیں کہ تمہارے غلام نہیں، تمہاری سیاست کو باہر پھینک دیں گے، کھیل تماشہ کب تک چلاؤ گے، کس منہ سے کہتے ہو 20 لاکھ لوگ لے کر اسلام آباد جاؤں گا۔
حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان تم نے چار سال تک حساب لیا ہمارے خلاف کرپشن کا ثبوت پیش نہیں کرسکے، اب تم چار سال کا حساب دو کہ قوم کا کیا سنوارا، تحفے میں ملنے والی گھڑی 14 کروڑ میں بیچ دی، فرح 200 کینال زمین کوڑیوں کے دام لیتے ہے، اربوں میں بیچ دیتی ہے، قوم کو نظر آگیا یہ جس مافیا کی بات کرتا تھا وہ بنی گالہ میں بیٹھا ہے۔
from SAMAA https://ift.tt/csSmN4z
No comments:
Post a Comment