پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کا کہنا ہے کہ اگر اسٹیبلشمنٹ اس وقت صحیح فیصلے نہیں کرے گی تو میں آپ کو لکھ کر دینے کو تیار ہوں کہ سب سے پہلے فوج تباہ ہوگی، ملک تین حصوں میں تقسیم ہوجائے گا اور ہمارے ایٹمی اثاثے بھی چھن جائیں گے۔
نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت کمزور اور اتحادی تھی، جو لوگ شامل ہوئے انہیں نہیں جانتے تھے، اگر یہ دوبارہ ملتی تو قبول نہیں کرتا اور دوبارہ انتخابات کی طرف چلا جاتا، اکثریت ہوگی تو آؤں گا ورنہ نہیں آؤں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جو ہم کرنا چاہتے تھے وہ کر نہیں سکے، یعنی ملک کی ذمہ داری میری ہے لیکن میرے پاس اختیارات نہیں ہیں، تو ایسے سسٹم نہیں چلتا، پاکستان کا چیلنج ایک طرف یہ ہے کہ ہمیں ایک طاقتور فوج چاہئے کیونکہ ہمیں دشمنوں سے خطرہ ہے، خطرہ پہلے بھی تھا لیکن جب سے ہم ایٹی قوت بنے ہیں خطرہ کچھ کم ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ جس ملک کی فوج پروفیشنل اور طاقتور نہیں ہوتی تو دیکھ لیں کہ مسلمان دنیا میں کیا کچھ ہورہا ہے، آپ شروع کریں یمن، لیبیا، شام، صومالیہ افغانستان، لبنان، عراق، چن چن کر ایک ایک ملک کو نشانہ بنایا گیا، تو ہمارے لئے یہ اللہ کی بڑی نعمت ہے کہ ہماری فوج تگڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوسرا یہ کہ ایک طرف آپ کے پاس طاقتور فوج بھی ہو اور مضبوط حکومت بھی تو یہ بیلنس ایک چیلنج ہے، حکومت تب مضبوط ہوگی جب اختیار اور ذمہ داری ایک ہی جگہ ہوگی، جب تک آپ قانون کی حکمرانی قائم نہیں کرتے، طاقتور کو قانون کے نیچے نہیں لیکر آتے کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ ہم اس وقت فیصلہ کن لمحے پر کھڑے ہیں، ہم اب بالکل تباہی کی طرف جاسکتے ہیں، اگر اسٹیبلشمنٹ اس وقت صحیح فیصلے نہیں کریگی تو میں آپ کو لکھ کر دیتا ہوں کہ یہ بھی تباہ ہوں گے، ملک بھی تباہ ہوگا اور فوج سب سے پہلے تباہ ہوگی، ملک دیوالیہ ہوجائے گا، ہمارے ایٹمی اثاثے بھی چھن جائیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک ڈیفالٹ ہونے کی طرف جارہا ہے، پاکستان اگر دیوالیہ ہوتا ہے تو سب سے بڑا ادارہ فوج سب سے پہلے ہٹ ہوگا، جب فوج متاثر ہوگی تو ہمیں بھی ڈی نیوکلیئرائزیشن کی طرف لے جایا جائے گا، جب پاکستان نیوکلئیر پاور نہیں رہے گا تو میں آج کہتا ہوں کہ پاکستان کے 3 حصے ہوں گے، ملک توڑنے کیلئے ان کے پلان بنے ہوئے ہیں۔
آصف زرداری کا ردعمل
سابق صدر آصف زرداری نے عمران خان کے بیان کی مذمت کردی۔ کہتے ہیں کہ کوئی بھی پاکستانی ملک کے ٹکڑے کرنے کی بات نہیں کرسکتا، یہ زبان ایک پاکستانی کی نہیں بلکہ مودی کی ہے۔
انہوں نے پی ٹی آئی چیئرمین کو کہا کہ عمران خان دنیا میں اقتدار ہی سب کچھ نہیں ہوتا۔
پیپلزپارٹی رہنماء نے اپنے کارکنوں کو ہدایت کی کہ عمران خان کے ناپاک بیان پر گلی گلی احتجاج کریں۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/nag9ZBK
No comments:
Post a Comment