چالیس فٹ بلند لہریں ، طوفانی ہوائیں ، بائپر جوائے کراچی سے صرف 550 کلومیٹر دور

سمندری طوفان بائپر جوائے سندھ کے قریب آنے لگا، 15 جون تک سندھ کے ضلع ٹھٹھہ اور بھارتی گجرات سے ٹکرانے کا امکان ہے۔طوفان کےپیش نظر حفاظتی اقدامات جاری ہیں ،اورپاک فوج کے تازہ دم دستے تعینات کر دیئے گئے ہیں ، وزیر اعظم شہبازشریف نے وزیر اعلیٰ سندھ سے صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا 14 واں الرٹ:۔

محکمہ موسمیات کے بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان کے حوالے سے 14 ویں الرٹ کے مطابق طوفان کا فاصلہ کراچی سے مزید کم ہوکر اب صرف 550 کلومیٹررہ گیا ہے، طوفان بدین سے 530 جبکہ اورماڑہ سے 650 کلومیٹر کے فاصلے پرہے۔ بحیرہ عرب سے اٹھنے والا انتہائی شدید سمندری طوفان 15 جون کی دوپہرکیٹی بندر(سندھ) اور انڈین گجرات سے ٹکراسکتا ہے۔

الرٹ کے مطابق دیہی سندھ کے ساحلی علاقوں میں آندھی وگرج چمک کےساتھ 300 ملی میٹربارشیں ہوسکتی ہیں، کراچی میں منگل کی شام سے بارش کا امکان ہے، سمندری طوفان کے اثرات کے سبب کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران 100 ملی میٹربارش ریکارڈ ہوسکتی ہے۔ 14 جون کی صبح تک طوفان کا ٹریک شمال کی جانب رہے گا، 15 جون کورخ تبدیل کرنے کے بعد دیہی سندھ کے کیٹی بندر اوربھارتی گجرات کو کراس کرے گا، طوفان کے مرکز اوراطراف میں ہوائیں 160 سے 180اور زیادہ سے زیادہ 200 کلومیٹرفی گھنٹہ ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان 14 جون کی صبح تک شمالی سمت اور اس کے بعد شمال مشرقی سمت میں حرکت کرے گا اور کیٹی بندر (سندھ) اورانڈین گجرات کی ساحلی پٹی سے 15 جون کی دوپہرشدید سمندری طوفان کی صورت میں ٹکرانے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کا سائیکلون وارننگ سینٹرطوفان کو مسلسل مانیٹرکررہا ہے۔

الرٹ میں بتایا گیا کہ ممکنہ اثرات کے دوران سمندری طوفان کے جنوب مشرقی سندھ کے ساحلی پٹی تک پہنچنے کی صورت میں 13 سے 17جون کے دوران ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکراورعمرکوٹ کے اضلاع میں وسیع پیمانے پرآندھی، گرج چمک، تیزہواؤں کے ساتھ شدید بارش اورتیزہواوں کے جھکڑچل سکتے ہیں جن کی رفتار 80 سے 120 کلومیٹرفی گھنٹہ ریکارڈ ہوسکتی ہے۔طوفان کے مرکزاوراطراف کے سمندرمیں ہے اور زیادہ سے زیادہ لہر کی اونچائی 35 سے 40 فٹ ریکارڈ ہورہی ہے۔

ہلال احمرسندھ کی جانب سے بدین میں ساحلی پٹی کے قرب وجوار کی آبادی کی انخلا کا عمل شروع کردیا گیا، پیرکوکئی خاندانوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کیا گیا،پختہ عمارتوں میں منتقلی کاعمل آج بھی جاری رہے گا۔

پاک فوج کے تازہ دم دستے تعینات:۔

دوسری جانب پاک فوج کے تازہ دم دستے دستے ممکنہ سمندری طوفان بائپر جوائے سے نمٹنے کے لیے تعینات کردیے گئے۔ممکنہ سمندری طوفان بائپر جوائے سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے کے لیے وزیراعلی سندھ سیّد مراد علی شاہ کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں ڈی جی رینجرز سندھ، جی او سی حیدر آباد گیریژن سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں بائیپر جوائے سے نمنٹنے کے لیے حکمت عملی بنائی گئی اور پاک فوج کی خدمات لیتے ہوئے تازہ دم دستے حفاظتی اقدامات کے طور پر تعینات کردیے گئے۔پاک فوج کے تازہ دم دستے ممکنہ سمندری طوفان بائیپر جوئے سے نمٹنے کے لیے روانہ ہو گئے۔

پاک آرمی کی کمانڈ نے فیصلہ کیا کہ پاک آرمی کے مزید دستے بھی ممکنہ ریسکیو آپریشنز کیلئے اپنے فرائض سرانجام دینگے۔ پاک فوج عوام کو مشکل وقت میں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔

وزیراعظم کا ٹویٹ:۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ حکومت کو سمندری طوفان سے پیدا ہونے والی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے بات کی ہے اور سمندری طوفان سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں سندھ حکومت نے جو انتظامات کیے ہیں ان کو سراہتا ہوں ہوں، سندھ حکومت کو وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ہم عوام کے تعاون سے اس صورتحال پر قابو پا لیں گے۔

سب سےزیادہ خطرہ سجاول کوہے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کہتے ہیں طوفان براہ راست کراچی کو ہٹ نہیں کرے گا،سب سےزیادہ خطرہ ڈسٹرکٹ سجاول کو ہے، مگر اسکے ساتھ تیز بارشیں ہوسکتی ہیں آدھے گھنٹے میں ساٹھ ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے ۔کلاوُڈ برسٹ کے بھی امکانات ہیں ، ہوائیں بہت تیز چلیں گی ۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے ڈی جی رینجرز،پی ڈی ایم اےانتظامیہ اوروزراء ساتھ ساحلی علاقوں کے دورے کے بعد سمندری طوفان پرپریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بل بورڈز کو ہٹانے کا کام شروع کردیا گیا ہے، تعمیراتی کام کو روکنے کا کہا گیا ہے ، کراچی کی ساحلی پٹی سے لوگوں کو منتقل کرنے کام کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کل تک ایک کیٹیگری ڈائون ہوگی پھریہ دوسری کیٹیگری میں تبدیل ہوگانارتھ کی ڈائریکشن میں ہےکل کے بعد اس کارخ تبدیل ہوگابلوچستان سے ٹکرائےگایہ انڈیاکی حدود میں جائےگابدین اورتھرپارکرسے ہوتاہواجائے گااگریہ نارتھ ویسٹ کرے توپوراکراچی کاساحل بھی متاثرہوسکتاہے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ اس وقت کی ڈائریکشن کے مطابق سجاول کارخ ہےہمارے منتخب نمائیندے انتظامیہ کے ساتھ ملکرکام کررہے ہیں ہمیں لوگوں کی زندگیوں کومحفوظ بناناہے مزاحمت کررہے ہیں پرہمیں ان کی جانیں عزیزہیں۔

کیٹی بندر شہر کو خالی کرنے کا حکم:۔

سمندری طوفان بائبر جوائے کے خطرہ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر کیٹی بندر شہر کو خالی کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔

ڈپٹی کمشنر غلام فاروق سومرو سے رابطہ کرنے پر بتایا کہ سمندری طوفان کا کیٹی بندر سے ٹکرانے کی محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے بعد انتظامیہ نے کسی بھی ہنگامی صورتحال کے باعث کیٹی بندر شہر کو فوری طور پر خالی کرنے کا حکم دیا ہے۔

غلام فاروق سومرو نے بتایا کہ شہریوں کو منتقلی کے لئے گاڑیاں فراہم کی جارہی ہیں مکین شہروں میں اپنے رشتہ داروں کے گھر جارہے ہیں جبکہ بگھان اور گاڑھو میں بھی انتظامیہ کی جانب سے ریلیف کیمپ قائم کردیے گئے ہیں جہاں منتقل ہونیوالوں کو کھانے سمیت تمام سہولتیں فراہم کی جائیںگی۔

بلوچستان میں بھی ہائی الرٹ:۔

بلوچستان میں بھی ساحلی علاقوں میں سمندری طوفان بائپر جوائے کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں سمندری طوفان بائپر جوائے کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے ساحلی پٹی پر دفعہ 144 نافذ کردی ۔

وزیراعلیٰ کو ڈی جی پی ڈی ایم اے نے متوقع صورتحال کے مطابق امدادی سرگرمیوں کی تیاری پربریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ پی ڈی ایم اے اپنی ٹیم مشینری اورامدادی سامان کے ساتھ گوادر میں موجود ہے وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کرتے ہوئے اس کے مطابق لائحہ عمل مرتب کیا جائے اور سمندری طوفان میں ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹنے کی تیاری مکمل رکھی جائے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے ساحلی پٹی پر ہائی الرٹ کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ ، ہسپتالوں کو ہائی الرٹ ، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں ،سول انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں میں مربوط کوآرڈینیشن قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔



from Samaa - Latest News https://ift.tt/OhxYClG

No comments:

Post a Comment

6 New Books We Recommend This Week

By Unknown Author from NYT Books https://ift.tt/R8wDiBs